Wednesday, May 26, 2010

آزادی اظہارِ خيال

آزادی اظہارِ خيال کے پروانوں کے نام

ميرے ہموطنوں ميں سے کچھ بڑے زور شور سے آزادی اظہارِ خيال کا راگ الاپ رہے ہيں اور گستاخ خاکوں پر احتجاج کرنے والوں کو طرح طرح کے القاب سے نواز رہے ہيں يہاں تک کہ اُن ميں اعلٰی تعليميافتہ افراد کی موجودگی کے باوجود اُنہيں جاہل اور انتہاء پسند کہا گيا ہے ۔ فرنگيوں کے ممالک ميں اظہارِ خيال کی جتنی آزادی ہے اُس کی چند مثالوں کا حوالہ 23 مئی 2010ء کو ديا تھا ۔ آج ايک تحرير پر نظر پڑ گئی جس ميں صرف سن 2010ء کے 3 ماہ ميں فرنگی حکومتوں جن ميں امريکہ ۔ کينيڈا اور يورپ کے کئی ممالک شامل ہيں نے يہوديوں کے خلاف اظہارِ خيال کرنے کے 21 واقعات ميں 24 افراد کو سزائيں ديں ۔ ان ميں 7 پندرہ سے 17 سال کی عمر کے بچے ۔ ايک پادری ۔ ايک 83 سالہ شخص اور ايک سياستدان ہے ۔ 3 ٹی وی چينل اور ايک اخبار بند کئے گئے اور ايک سياسی جماعت غيرقانونی قرار دی گئی